ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عوام کی جیب پر ایک اور مار؛ آج سے ’اے ٹی ایم‘ کے ذریعے پیسہ نکالنا مہنگا پڑے گا

عوام کی جیب پر ایک اور مار؛ آج سے ’اے ٹی ایم‘ کے ذریعے پیسہ نکالنا مہنگا پڑے گا

Sun, 01 Aug 2021 10:59:56    S.O. News Service

نئی دہلی، یکم اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) اگست کے مہینے سے ہفتہ وار تعطیلات یا سرکاری چھٹیوں پر تنخواہ یا پنشن کی عدم ادائیگی کی کوئی پریشانی نہیں رہے گی یعنی اگر 30، 31 کو ہفتہ، اتوار یا کوئی اعلان شدہ چھٹی ہو تو بھی تنخواہ یا پنشن کھاتے میں آ جائے گی لیکن اے ٹی ایم سے کیش نکالنے پر صارفین کی جیب پر مار پڑے گی۔یکم اگست سے بینکنگ خدمات سے متعلق کئی اصلوں کو تبدیل کر دیا گیا ہے اور ان کا اثر بینک کے تمام صارفین پر پڑے گا۔ آئی سی آئی سی آئی بینک نے اپنے بینک چارجز میں اضافہ کر دیا ہے۔

بینک کے اصولوں میں تبدیلی:ریزرو بینک نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ نیشنل آٹومیٹڈ کلیئرنگ ہاؤس (این اے سی ایچ) کی خدمات ہفتے کے ہر دن دستیاب ہوں گی۔ این اے سی ایچ ایک ادائیگی کا نظام ہے جو قومی ادائیگی کارپوریشن آف انڈیا کے ذریعے آپریٹ ہوتا ہے۔ یہ منافع، سود، تنخواہ اور پنشن کی منتقلی کے کام کاج میں مدد کرتا ہے۔ نیز اس کی مدد سے گیس، بجلی، ٹیلی فون، پانی جیسے بلوں کی ادائیگی بھی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ لون کی ای ایم آئی، میوچول فنڈ اور انشورنس پریمیم کی قسطیں بھی اس کے ذریعے حاصل کی جاتی ہیں۔اے ٹی ایم سے نقد رقم نکالنا یکم اگست سے مہنگا ہونے جا رہا ہے، کیونکہ آر بی آئی نے اے ٹی ایم کے ذریعے ایک بینک سے دوسرے بینک میں مالی لین دین پر انٹرچینج فیس 15 روپے سے بڑھا کر 17 روپے کر دی ہے۔ آر بی آئی نے یہ فیصلہ جون میں لیا تھا، تاہم یہ یکم اگست سے نافذ العمل ہوگا۔ غیر مالی لین دین کی فیس بھی 5 روپے سے بڑھا کر 6 روپے کر دی گئی ہے۔ انٹرچینج فیس بینک سے جاری کردہ بینک اے ٹی ایم کارڈ کو کسی دوسرے بینک سے پیسہ نکالنے میں استعمال کرنے پر عائد ہوتی ہے۔انڈیا پوسٹ پے منٹ بینک (آئی پی پی بی) نے اپنی ڈور اسٹیپ ڈیلیوری خدمات استعمال کرنے والوں کے چارجز میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ پوسٹ پے منٹ بینک اب ہر بار ان خدمات کیلئے 20 روپے فیس (جی ایس ٹی اضافی) وصول کرے گا۔ تاہم، جب پوسٹ پے منٹ بینک کا ملازم جب گھر پر آئے گا تو صارف کئی بار لین دین کر سکتا ہے۔ادھر، آئی سی آئی سی آئی بینک نے یکم اگست سے گھریلو بچت کھاتہ برداروں کیلئے اے ٹی ایم ٹرانزیکشن چارجز اور چیک بک چارجز میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ بینک ڈپازٹ اور نکاسی دونوں کیلئے فیس میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب اے ٹی ایم سے صرف 4 مفت لین دین کئے جا سکتے ہیں۔ بینک کی ویب سائٹ کے مطابق 4 سے زائد نقد رقم نکالنے پر 150 روپے کی بھاری فیس لی جائے گی۔اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے بھی یکم جولائی سے اے ٹی ایم سے مفت کیش نکالنے کی تعداد کو محدود کر دیا ہے۔ ایس بی آئی نے اے ٹی ایم یا بینک برانچ سے ہر مہینے میں چار سے زائد مرتبہ نقدی نکالنے پر چارجز عائد کیے ہیں۔ بنیادی بچت بینک ڈپازٹ کے اکاؤنٹ ہولڈرز کو یکم جولائی سے چار سے زائد اے ٹی ایم یا برانچوں سے کیش نکلوانے کیلئے اضافی چارجز ادا کرنے ہوں گے۔

 


Share: